دیپالپور:پولیس مقابلہ،ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہلاک, ساتھی زخمی حالت میں گرفتار

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) تھانہ سٹی دیپالپور کے علاقے نیو آلو منڈی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا دوسرا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ہلاک ہونے والا ڈاکو بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نکلا جو کئی سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکو ایک شہری سے نقدی چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی دیپالپور نے پولیس نفری کے ہمراہ تعاقب شروع کر دیا، آلو منڈی کے قریب پہنچنے پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں قابو کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت طوران خان کے نام سے ہوئی ہے جو ایک خطرناک گینگ کا سرغنہ تھا، جبکہ زخمی ڈاکو کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے شہری سے چھینی گئی نقدی اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ہے، تاہم مقابلے کے دوران چند ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

تھانہ سٹی دیپالپور میں پولیس مقابلے اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مقامی شہریوں نے بروقت کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے