میہڑ: رادھن شہر میدانِ جنگ بن گیا، برادریوں میں خونی تصادم، 2 افراد قتل

میہڑ ( کیو این این ورلڈ/ رپورٹ منظور علی جوئیہ) میہڑ کے نواحی علاقے رادھن میں پرانی دشمنی ایک بار پھر بھڑک اٹھی، بروہی اور سولنگی برادریوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم اور شدید فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 نوجوان زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اس خونریز واقعے نے رادھن شہر کو میدانِ جنگ بنا دیا اور پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رادھن میں دو ماہ قبل ایک میلے کے دوران شروع ہونے والا معمولی جھگڑا آج ایک بڑے سانحے کی صورت اختیار کر گیا، دونوں برادریوں کے مسلح افراد نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر علی سولنگی اور صابر سولنگی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے اسی واقعے میں شفیع محمد سولنگی اور محمد جمن سولنگی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے علاقے میں کشیدگی کو کنٹرول کرنے کے لیے نفری تعینات کر دی ہے، تاہم آخری اطلاعات ملنے تک رادھن تھانہ پر واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔ مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل ہونے والے قتل کے واقعے نے آج دوبارہ سر اٹھایا جس نے شہر کا امن تباہ کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے