ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کے تحت قائم پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) کی ضلع ننکانہ صاحب میں کارکردگی پر شہری، تاجر اور سماجی حلقوں نے سوالات اٹھاتے ہوئے فوری طور پر تفصیلی رپورٹ جاری کرنے اور نگرانی کے مؤثر نظام کا مطالبہ کیا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کے قیام کا بنیادی مقصد قبضہ مافیا، تجاوزات، ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا تھا، تاہم ضلع میں اس فورس کی عملی کارکردگی کے حوالے سے تاحال کوئی جامع اور شفاف رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی، جس سے عوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔
مقامی نمائندوں کے مطابق اگر پیرا فورس کی کارروائیوں کی تفصیلات، جیسے تجاوزات کے خاتمے، قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات، جرمانوں کی شرح، دکانوں و عمارتوں کی بندش، مہنگائی کے خلاف کارروائیاں اور عوامی شکایات کے ازالے کا ریکارڈ جاری کیا جائے تو اس سے نہ صرف کارکردگی واضح ہوگی بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
شہری و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیرا فورس کی کارکردگی کا باقاعدہ احتساب یقینی بنانے کے لیے ہر ماہ ضلعی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے، جس میں متعلقہ افسران کو جوابدہ بنایا جائے اور کارکردگی کا کھلے انداز میں جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے پیرا فورس کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ حکومتی ویژن کے مطابق عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی نئی فورس کی ساکھ اس کی شفافیت، غیر جانبداری اور عملی نتائج پر منحصر ہوتی ہے، اور اگر بروقت رپورٹنگ اور جوابدہی کا نظام نہ اپنایا گیا تو عوامی سطح پر بداعتمادی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ننکانہ صاحب میں پیرا فورس کی کارکردگی اب ایک اہم عوامی بحث کا موضوع بن چکی ہے، جہاں شفاف رپورٹنگ، ماہانہ جائزہ اجلاس اور ضلعی سطح پر سخت نگرانی کو عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔