وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی اہم ملاقات

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے چین میں حالیہ ’ٹو سیشنز‘ کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مثالی تعلقات کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے یوم پاکستان پر مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھائے گا، جس میں زراعت، صنعتی تعاون، آئی ٹی، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی معاشی ترقی کا اہم ستون ہے بلکہ یہ پورے خطے میں رابطوں اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سازگار ماحول فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استحکام کے لیے جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل اور نئے منصوبوں کے آغاز میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور روابط کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس حوالے سے مختلف شعبوں میں مشترکہ تقریبات اور وفود کے تبادلوں پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی، امن کے فروغ اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے