اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف گوداموں اور دکانوں پر چھاپے مارے اور بڑی مقدار میں غیر قانونی سگریٹس قبضے میں لے لیے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید کی قیادت میں ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جہاں غیر قانونی سگریٹس کا بھاری اسٹاک برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد افراد کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ سگریٹس کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف قانون کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سگریٹس کے اسٹاک کی مکمل جانچ پڑتال کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام مصنوعات پر حکومتی ٹیکس اسٹیمپ موجود ہو۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سگریٹس کی فروخت اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کو فروغ دیتی ہے جبکہ سستے سگریٹس نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کی طرف راغب کرتے ہیں، جو ایک تشویشناک امر ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف قانونی مصنوعات کی حوصلہ افزائی کریں اور غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔