گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی کے کچے کے علاقے بندی ٹو تھانے کی حدود میں مویشی چوری کے معاملے پر جاگیرانی اور لولائی برادری کے دو گروہوں کے درمیان معمولی تنازع نے سنگین صورتحال اختیار کر لی۔ دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد مسلح تصادم شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں جانب سے جدید اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا اور فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ اس خونریز جھڑپ کے باعث کچے کے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور گولیوں کی تھر تھراہٹ کی وجہ سے مقامی لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں جاگیرانی برادری کے دو افراد نورل جاگیرانی اور ہدایت اللہ جاگیرانی موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ لولائی برادری کے پانچ سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں راہب لولائی اور مہر لولائی سمیت دیگر شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال گھوٹکی پہنچایا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث انہیں بہتر علاج کے لیے سکھر منتقل کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان مویشی چوری کے معاملے پر دیرینہ کشیدگی چلی آ رہی تھی جو آج اچانک شدت اختیار کر گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں مزید خونریزی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے اور واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔