ننکانہ صاحب: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں عیدالفطر کے موقع پر ریسکیو 1122 نے جامع ایمرجنسی کور پلان ترتیب دے دیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت امدادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ضلعی ہیڈکوارٹرز ریسکیو 1122 میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر محمد سعید، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران عیدالفطر کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ایمرجنسی ریسکیو پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ عید کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے آپریشنل اسٹاف اور افسران کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ معمول کے حادثات اور پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ساتھ ساتھ نماز عیدالفطر کے اجتماعات کے دوران تمام جامع مساجد میں مکمل ریسکیو کور فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے اہم اور حساس مقامات پر 51 موٹر بائیک ریسکیو سروس، 16 ایمبولینسز اور 6 فائر وہیکلز تعینات کیے جائیں گے جبکہ ریسکیو موبائل پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی تاکہ فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار کو محفوظ حد میں رکھیں اور ہجوم والی جگہوں پر کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔