عید میں چند روز باقی، تیاریاں عروج پر

لاہور (کیو این این ورلڈ) رمضان المبارک اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اور عیدالفطر کی آمد میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں عید کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ لاہور سمیت دیگر بڑے اور چھوٹے شہروں میں بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے، جہاں رات گئے تک خریداری کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور مارکیٹیں روشنیوں سے جگمگا رہی ہیں۔

عید کی تیاریوں میں سب سے زیادہ توجہ ملبوسات کی خریداری پر دی جا رہی ہے۔ خواتین نئی فیشن ٹرینڈز کے مطابق کپڑوں کا انتخاب کر رہی ہیں، جبکہ میچنگ جیولری کی تلاش میں جیولری سٹالز کا رخ بھی کیا جا رہا ہے، جہاں خوبصورت اور منفرد ڈیزائنز نے خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کر رکھا ہے۔

اسی طرح چوڑیوں کی دکانوں پر بھی غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں رنگ برنگی اور کشمیری چوڑیاں خواتین اور بچیوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ مہندی کے سٹالز پر بھی گہما گہمی عروج پر ہے اور نوجوان لڑکیاں نت نئے ڈیزائنز لگوانے میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔

بازاروں میں جوتوں، بیگز اور دیگر اشیاء کی خریداری بھی زوروں پر ہے جبکہ بچوں کے کھلونوں اور عیدی کی تیاریوں نے بھی مارکیٹوں کی رونق میں اضافہ کر دیا ہے۔ مرد حضرات بھی عید کی تیاریوں میں پیچھے نہیں، کچھ افراد نے اپنے سوٹ درزیوں کو سلائی کیلئے دے رکھے ہیں جبکہ دیگر ریڈی میڈ ملبوسات کی خریداری میں مصروف ہیں۔

خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باوجود عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود بچوں اور اہل خانہ کیلئے عید کی خوشیاں یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

ماہرین کے مطابق عید سے قبل بازاروں میں بڑھتی ہوئی سرگرمیاں نہ صرف معاشی پہلو کو تقویت دیتی ہیں بلکہ یہ عوام کے تہوار سے جڑے جذبات اور خوشیوں کی بھی عکاسی کرتی ہیں، اور ہر سال کی طرح اس بار بھی عید کا جوش و خروش اپنے عروج پر دکھائی دے رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے