ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے گزشتہ رات اچانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ دورے کے بعد ہسپتال کی انتظامی اور طبی کارکردگی کو سراہتے ہوئے باقاعدہ تعریفی خط جاری کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر نے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں ایمرجنسی، مختلف وارڈز، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ادویات کی دستیابی شامل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

دورے کے دوران ہسپتال میں قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اس وقت بطور آرتھوپیڈک سرجن اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کا اضافی چارج بھی سنبھال رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب کو انتظامی طور پر کسی مشکل صورتحال کا سامنا ہوتا ہے تو ذمہ داری ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین کے سپرد کی جاتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں بھی وہ دن رات ہسپتال کے انتظامی امور کو بہتر بنانے، مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے اور نظام کو فعال رکھنے کے لیے مسلسل مصروف عمل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین روزانہ مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں، ایمرجنسی میں روڈ ایکسیڈنٹ سمیت دیگر ہنگامی کیسز کی نگرانی کرتے ہیں جبکہ ہفتے میں دو دن آرتھوپیڈک کے مریضوں کے آپریشن بھی باقاعدگی سے انجام دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بطور قائم مقام ایم ایس انتظامی ذمہ داریاں بھی پوری تندہی سے ادا کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کے اچانک دورے کے دوران ہسپتال کا تمام عملہ حاضر پایا گیا اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیتا نظر آیا۔ ڈاکٹرز مریضوں کی حالت اور علاج کے حوالے سے مکمل طور پر باخبر تھے جبکہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات اور ادویات کی دستیابی کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اپنے تعریفی خط میں ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مؤثر انتظامی حکمت عملی دیگر سرکاری ہسپتالوں کے لیے بھی ایک مثال ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ان معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔

دوسری جانب شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے بھی ہسپتال میں بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا افتخار محی الدین اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے