اسلام آباد/قندھار (کیو این این ورلڈ) پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں آپریشن “غضب للحق” کے تحت افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف مؤثر فضائی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کے صوبہ قندھار میں اہم ٹیکنیکل سپورٹ انفرااسٹرکچر کو تباہ کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 14 اور 15 مارچ کی درمیانی شب انتہائی منصوبہ بندی اور درست معلومات کی بنیاد پر کی گئی جس میں دہشت گردوں کی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران ان مقامات کو ہدف بنایا جہاں سے دہشت گرد عناصر کو تکنیکی معاونت، لاجسٹک سہولتیں اور دیگر جنگی سامان فراہم کیا جا رہا تھا۔ کارروائی میں قندھار میں قائم ٹیکنیکل سپورٹ انفرااسٹرکچر اور ایکوپمنٹ اسٹوریج کو مؤثر انداز میں تباہ کر دیا گیا جس سے دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے مراکز افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد عناصر کے زیر استعمال تھے جہاں سے انہیں تکنیکی معاونت اور جنگی سامان فراہم کیا جاتا تھا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد سرحد پار موجود ان سہولتوں کو ختم کرنا تھا جن کے ذریعے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور معاونت کی جاتی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور جب تک مقررہ اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو جاتے اس آپریشن کا دائرہ کار برقرار رکھا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔