رینالہ خورد ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) تھانہ ستگھرہ کے علاقے پل خالصہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق تین مسلح ڈاکوؤں نے شہری رمضان سے موٹر سائیکل چھینی اور فرار ہو گئے، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری تعاقب شروع کیا۔
پولیس پارٹی جب پل خالصہ کے قریب پہنچی تو ڈاکوؤں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت سمیع عرف کاکا کے نام سے ہوئی ہے جو ڈکیتی اور سرقہ جیسی سنگین وارداتوں کے 23 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے، جبکہ زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ہونے والے دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔