انقرہ (کیو این این ورلڈ) ایران نے ترکیہ کے ایک تجارتی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی جس کے بعد جہاز بحفاظت اس اہم گزرگاہ سے عبور کر گیا۔
ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کی اجازت کے بعد ترک ملکیت کا ایک جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے گزر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث ترکیہ کے 15 تجارتی بحری جہاز اب بھی آبنائے ہرمز کے قریب موجود ہیں۔
ترک وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ ان جہازوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ان کی بحفاظت آمد و رفت اور واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت اپنے تجارتی بیڑے اور عملے کی سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل بردار گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، تاہم خطے میں جاری کشیدگی اور ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی جنگی صورتحال کے باعث یہاں بحری جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔