واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکا نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں مزید 5 ہزار فوجی اور متعدد جنگی بحری جہاز تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے جنگی صورتحال کے تناظر میں خطے میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 5 ہزار میرینز اور دیگر فوجی اہلکاروں کو مشرق وسطیٰ بھیجا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی جنگی بحری جہاز بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ہزاروں میرینز کو خطے میں بھیجنے کا فیصلہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی درخواست پر کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطے میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور امریکی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران پر آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملوں اور سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے جیسے اقدامات کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے ممکنہ حملوں کے لیے اپنے مشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی مستقبل میں دوبارہ عسکری طاقت حاصل کرنے کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے