راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، تاہم تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ گرنے سے مختلف شہروں میں چند شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 مارچ 2026 کو افغان طالبان نے پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانے کے مقصد سے چند ابتدائی نوعیت کے ڈرونز استعمال کیے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ان ڈرونز کو سافٹ اور ہارڈ کِل طریقوں کے ذریعے تباہ کر دیا جس کے باعث وہ اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تباہ کیے گئے ڈرونز کا ملبہ گرنے سے کوئٹہ میں دو بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہو گیا۔ زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش تھے جو افغان طالبان کی دہشت گرد ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق افغان طالبان ایک جانب عالمی سطح پر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے خود کو متاثرہ فریق ظاہر کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب اپنے پراکسی عناصر اور ڈرونز کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج افغان طالبان کے عزائم اور طرز عمل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کا جاری آپریشن “غضبُ لِلحق” دہشت گردی کے خلاف اس وقت تک جاری رہے گا جب تک افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے بنیادی خدشات دور نہیں کیے جاتے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور پاکستان کے عوام کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جاتا رہے گا۔