کراچی (کیو این این ورلڈ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی، خرم آباد، ملیر اور کورنگی سمیت متعدد علاقوں میں اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کراچی کے جنوب میں تقریباً 100 کلومیٹر دور واقع تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں میں خوف کی فضا دیکھی گئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔