راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) افغانستان کی جانب سے مبینہ بلا اشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاک فوج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، جس کے دوران افغانستان میں کیے گئے کامیاب فضائی حملوں کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں کابل میں موجود 313 کور کے ایمونیشن ڈمپ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا جبکہ کسی بھی سول آبادی کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جاری کردہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک افواج نے انتہائی درستگی کے ساتھ صرف ایمونیشن ڈمپ کو نشانہ بنایا اور اسے مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈمپ سے افغان طالبان سمیت مختلف دہشت گرد تنظیمیں اسلحہ اور بارود حاصل کر رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق اس ویڈیو نے افغان اور بھارتی میڈیا کے اس پروپیگنڈے کو بھی مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ پاک فوج افغانستان میں سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب پاک فوج نے مزید کارروائیاں کرتے ہوئے افغانستان میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ کارروائیوں کے دوران قندھار میں تراوو دہشت گرد کیمپ جبکہ پکتیا میں شیرِناؤ دہشت گرد کیمپ کو بھی تباہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کابل میں 313 کور کے انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں فضائی کارروائی کے دوران ایئر فیلڈ کی آئل اسٹوریج سائٹ اور اس سے ملحقہ لاجسٹک انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے قریب صدق گاؤں میں بھی دہشت گردوں کی ایک کوشش کو ناکام بنایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہو جاتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے