کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیربلوچ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نہال ہاشمی نے باضابطہ طور پر گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ ضیا لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن سمیت دیگر اہم رہنما اور کارکنان شریک ہوئے۔ یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روز ہی نہال ہاشمی کی بطور گورنر تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
نہال ہاشمی طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں اور ماضی میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ 1997 سے 1999 تک وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف رہے، جبکہ 2012 میں کراچی اور 2014 میں سندھ کے جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ 2015 میں پنجاب سے سینیٹر بھی منتخب ہوئے تھے۔
اگرچہ 2017 میں ایک متنازع بیان کی وجہ سے ان کی پارٹی رکنیت ختم کر دی گئی تھی، تاہم 2021 میں انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل کر لیا گیا تھا۔ اب انہیں سندھ کی گورنر شپ جیسی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، جسے سیاسی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔