سکھر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) کوٹ ڈیجی میں مختلف شیعہ تنظیموں اور آئی ایس او یونٹ کے زیر اہتمام یومِ القدس کے موقع پر ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

ریلی نمازِ جمعہ کے بعد مسجد رضا سے برآمد ہوئی جس کی قیادت مولانا جمال الدین قمی، استاد گل محمد جماںی، ریاض حسین لاشاری، سید حسن علی شاہ، میر دنل خان ٹالپر، سرائی صفدر حسین لاشاری اور مولانا عنایت علی قمی نے کی۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔

شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ بعض افراد شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ اس دوران اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی گئی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے یومِ القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی امتِ مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اور جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو جاتا، دنیا بھر کے مسلمان اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

مقررین نے اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ القدس دراصل مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور ظالم قوتوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے