ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) تھانہ صدر شاہکوٹ کے علاقے میں دو گروپوں کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق مخالفین کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کی زد میں آکر عمران نامی نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ اس کا ساتھی طیب منظور گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔ واردات کے بعد ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کی لاش اور زخمی نوجوان کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمی طیب منظور کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی پی او ننکانہ صاحب ارسلان زاہد نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور یقین دہانی کرائی ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے