لندن (کیو این این ورلڈ) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک 10 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 101 ڈالر فی بیرل کی سطح سے اوپر چلی گئی ہے۔ تیل کے عالمی محفوظ ذخائر مارکیٹ میں لانے کے اعلانات کے باوجود قیمتوں میں کمی کے بجائے تیزی کا رجحان برقرار ہے، جس نے عالمی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت میں 9.29 ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 101.3 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت بھی 9.02 ڈالر اضافے کے بعد 96.27 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سپلائی چین میں تعطل اور عالمی سیاسی تنازعات اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجہ بن رہے ہیں۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (IEA) کا کہنا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی تیل کی منڈی میں سپلائی کی بڑی رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔ تہران اور تل ابیب کے درمیان جاری تنازع نے سمندری تجارتی راستوں کو غیر محفوظ بنا دیا ہے، جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی دستیابی کے حوالے سے شدید خدشات پائے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران جنگ کے اثرات کو کم کرنے اور قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے عالمی توانائی ایجنسی نے 400 ملین بیرل تیل جاری کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم منڈی میں طلب اور رسد کے بڑھتے ہوئے فرق اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی کے باعث اس اعلان کا کوئی خاطر خواہ اثر دیکھنے میں نہیں آیا اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل بدستور جاری ہے۔