اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ صدر مملکت نے یہ منظوری وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی ایڈوائس پر دی ہے۔ صدر زرداری نے نہال ہاشمی کو نیا گورنر سندھ مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ان کے سیاسی کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو وہ 1997 سے 1999 تک اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ 2012 میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے کام کیا، جس کے بعد اگست 2014 میں انہیں سندھ چیپٹر کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا۔

نہال ہاشمی 2015 میں پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کی نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ 2017 میں پاناما کیس سے متعلق ایک متنازع بیان سامنے آنے پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، تاہم 2021 میں ان کی پارٹی رکنیت بحال کر دی گئی تھی اور اب انہیں صوبہ سندھ کی اہم ترین آئینی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے