اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی کی زیرِ صدارت پٹرول پمپ مالکان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور سپلائی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی سمیت پٹرول پمپ مالکان اور منتظمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کیں کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی پمپ پر مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید تنبیہ کی کہ اگر کسی پٹرول پمپ پر ذخیرہ اندوزی یا سپلائی میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ مالکان اور منتظمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ احمد سلیم چشتی نے زور دیا کہ پٹرول پمپ مالکان حکومتی پالیسی کے مطابق عوام کو سہولیات فراہم کریں اور تیل کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی لائن کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اسٹاک کی چیکنگ کریں گی تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے