ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، بریگیڈیئر فرقان شبیر اور ڈی پی او ارسلان زاہد کی زیرِ صدارت ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پاک فوج اور پولیس کے افسران سمیت ایکسائز، ایف بی آر، کسٹم اور انفارمیشن جیسے تمام ضلعی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر نے تمام محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور ضلع میں بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کی مہم کو تیز کریں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سمگل شدہ تیل کی فروخت اور گیس کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ مزید برآں، ضلع میں چلنے والے تمام دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر شفافیت کے ساتھ پایا تکمیل تک پہنچانے کا حکم دیا گیا۔

ڈی پی او ارسلان زاہد نے شرکاء کو بتایا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس مکمل الرٹ ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر حادثات میں واضح کمی آئی ہے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کا سفر محفوظ بنایا جا سکے۔

بریگیڈیئر فرقان شبیر نے اجلاس سے خطاب میں ماحولیاتی تحفظ، بھکاریوں کے خاتمے اور غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ہمارے مہمان ہیں اور ان کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے