ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پریس کلب ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اور ایران پر اسرائیل و امریکی جارحیت کے خلاف ایک پروقار ریلی نکالی گئی، جس میں صحافیوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پریس کلب سے شروع ہونے والی اس ریلی کی قیادت صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خاں اور جنرل سیکرٹری محمد آصف بھٹی نے کی، جبکہ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فوج کے حق میں اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جس نے وطن عزیز کے خلاف اندرونی و بیرونی دشمنوں کی ہر سازش کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے دفاعِ وطن کے لیے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی سرحدوں کے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
مقررین نے ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کو امتِ مسلمہ کا عظیم نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مسلمانوں کے متحد ہونے اور عالمِ کفر کی سازشوں کو ناکام بنانے کا ہے، کیونکہ مسلم ممالک کے خلاف جارحانہ عزائم عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے عالمی قوتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت کو فوری طور پر رکوانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی یہ ریلی واپس پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، جہاں ملکی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔