احمد پور شرقیہ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) تحصیل احمد پور شرقیہ کی یونین کونسل صادق آباد میں مبینہ کرپشن، بدانتظامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جس پر اہلِ علاقہ میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے یونین کونسل کے سیکرٹری عبدالستار پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف اکثر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے ہیں، جس کی وجہ سے سرکاری دفتر کو اکثر تالے لگے رہتے ہیں۔ دور دراز سے آنے والے بزرگ اور خواتین گھنٹوں انتظار کے بعد مایوس ہو کر خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا الزام ہے کہ برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور نکاح رجسٹریشن جیسی بنیادی دستاویزات کے لیے مبینہ طور پر بھاری رشوت طلب کی جاتی ہے۔ متاثرین کے مطابق سرکاری فیس کے علاوہ اضافی رقم نہ دینے والوں کی فائلیں دبا دی جاتی ہیں اور انہیں بار بار چکر لگوا کر ذلیل و خوار کیا جاتا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یونین کونسل عوامی خدمت کا مرکز بننے کے بجائے مبینہ طور پر کرپشن کا گڑھ بن چکی ہے۔ مہنگائی اور غربت کے اس دور میں بنیادی سہولیات کے عوض رشوت کا مطالبہ غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے، مگر انتظامیہ اس تمام صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر سیکرٹری کی حاضری کا ریکارڈ چیک کیا جائے اور الزامات درست ثابت ہونے پر سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے