اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) ماہِ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اوچ شریف میں پیشہ ور بھکاریوں نے شہر پر عملی طور پر قبضہ جما لیا ہے، جبکہ انتظامیہ کی مبینہ طوطا چشمی اور بے حسی نے شہریوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہوں، مصروف چوراہوں، بازاروں اور مساجد کے باہر گداگروں کی منظم ٹولیاں شہریوں کو گھیر کر بھیک مانگنے پر مجبور کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ گداگری ایک باقاعدہ نیٹ ورک کے تحت چلائی جا رہی ہے، جہاں ہٹے کٹے نوجوان اور کمسن بچے شہریوں کا راستہ روک کر انہیں پریشان کرتے ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کی وجہ سے خواتین اور بزرگوں کا بازاروں میں چلنا محال ہو چکا ہے، مگر پولیس اور تحصیل انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انسدادِ گداگری ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی کے باوجود کسی قسم کا کریک ڈاؤن نہ ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف کو اس گداگری مافیا سے نجات دلانے کے لیے فوری آپریشن کیا جائے اور اس منظم نیٹ ورک کے سرغنہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عید کی خریداری کے لیے آنے والے لوگ سکون کا سانس لے سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے