اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 3/4L میں گھریلو ناچاقی نے معصوم بچے کی جان لے لی، جہاں ایک سنگدل ماں نے اپنے 3 ماہ کے سگے بیٹے کو نہر میں پھینک کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد اسلم نامی شہری کا اپنی بیوی شانزہ سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس سے مشتعل ہو کر ملزمہ اپنے تین ماہ کے شیر خوار بیٹے کو لے کر گھر سے نکل گئی اور اسے لوئر باری دوآب نہر میں پھینک دیا۔
بچے کو نہر برد کرنے کے بعد ملزمہ نے خود بھی نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بچا لیا۔ افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس نے تھانہ صدر اوکاڑہ میں ملزمہ کے خلاف مقدمہ نمبر 293/26 درج کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔