اوچ شریف/احمدپورشرقیہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) احمدپورشرقیہ میں افطار پارٹی کے موقع پر مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی نائب صدر مخدوم بیرسٹر سید ناصر عباس بخاری اور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاہر جلالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر و تحمل، برداشت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے جبکہ والدین کی خدمت جنت کی کنجی ہے۔
تقریب نجف سیال کالونی میں مرحوم علامہ رئیس فیض احمد سعیدی کی اہلیہ کے ایصالِ ثواب کے موقع پر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر دارالعلوم فیضیہ قادریہ عالیہ جلالیہ کے بانی قاری رئیس الیاس سعیدی، رئیس اشفاق سعیدی اور رئیس مصطفیٰ بھی موجود تھے۔
مخدوم ناصر عباس بخاری نے کہا کہ سرائیکی خطہ تصوف، امن اور رواداری سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سید شیر شاہ جلال الدین حیدر سرخ پوش بخاری نے دین اسلام کی سربلندی اور معاشرتی اصلاح کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، اور ان کے نام سے اوچ شریف میں صوفی ازم اینڈ آرکیالوجی سائنس یونیورسٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مقررین نے کہا کہ روزہ اسلام کا بنیادی رکن ہے جس کا مقصد انسان میں صبر، برداشت اور احترامِ آدمیت پیدا کرنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ، استحکامِ پاکستان اور پاک افواج کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
