نیویارک (کیو این این ورلڈ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایروانی نے کہا ہے کہ ایران پر ہونے والے حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور یہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں عام شہری مارے گئے، مناب شہر میں 100 سے زائد بچے جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کے قتل کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، روس اور پاکستان کی جانب سے حملوں کی مذمت کو سراہتے ہیں۔
ایرانی مندوب نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حملے کو اعلانِ جنگ تصور کرتے ہیں اور ایران کو عالمی قوانین کے تحت دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر شدید حملوں کا انتباہ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ جلد سخت ردعمل سامنے آئے گا۔
ادھر انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے اور ایران کا ردعمل پورے خطے میں پھیل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن حل کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں، ایران پر حملوں اور جوابی ایرانی کارروائی سے عالمی امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں اور سفارتکاری کے مواقع ضائع نہ کریں۔