اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر اسرائیل کے حملے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی کی شدید مذمت کی۔
شہباز شریف نے خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس نازک مرحلے پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ ماہِ مقدس کی برکت سے خطے میں جلد امن اور استحکام قائم ہو۔