ابوظہبی (کیو این این ورلڈ) متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ان تباہ شدہ میزائلوں کے ٹکڑے زمین پر گرنے سے ایک غیر ملکی شہری زد میں آ گیا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مقامی میڈیا اور گلف نیوز کے مطابق جاں بحق ہونے والا شخص ایشیائی نژاد تھا جس کی شناخت بعد میں پاکستانی شہری کے طور پر کی گئی۔ میزائل کے ٹکڑے لگنے سے وہ شدید زخمی ہوا تھا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت کو پاکستان روانہ کر دیا جائے گا، تاہم تاحال اس شخص کا نام اور عمر ظاہر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں فوجی و حساس مقامات پر حملوں کے بعد پیش آیا ہے، جن میں 51 طالبات سمیت 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ان حملوں کے جواب میں ایران نے خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں بھی امریکی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جسے دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا، مگر اس کے ملبے نے ایک معصوم پاکستانی شہری کی جان لے لی۔