نوشہروفیروز (کیو این این ورلڈ/ساجدمغل کی رپورٹ) ماہِ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں دستگیر ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے خدمتِ انسانیت کی ایک خوبصورت مثال قائم کرتے ہوئے درگاہ ہالانی شریف میں 800 سے زائد غریب اور مستحق روزہ دار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ اس پروقار تقریب میں ڈاکٹر سید نثار احمد شاہ، مفتی سید حماد اللہ شاہ ایڈووکیٹ اور پیر سید اسد اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے خصوصی شرکت کی اور اپنے ہاتھوں سے مستحق افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے کہا کہ رمضان المبارک قربانی، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا مہینہ ہے اور ضرورت مندوں کی مدد ہی معاشرے میں بھائی چارے اور انسان دوستی کو فروغ دیتی ہے۔

فاؤنڈیشن انتظامیہ کے مطابق تقسیم کیے گئے راشن میں آٹا، چاول، چینی، دالیں اور تیل سمیت روزمرہ ضرورت کی تمام بنیادی اشیا شامل تھیں، جبکہ تقسیم کا تمام عمل نہایت نظم و ضبط اور انسانی وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران درگاہ ہالانی اور گرد و نواح کے دیگر علاقوں میں بھی مزید مستحق خاندانوں تک امدادی سامان پہنچانے کا یہ سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے گا تاکہ سفید پوش طبقے کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے