قصور میں افسوسناک واقعہ، مسجد کا پردہ گرنے سے پڑوسی کھر میں سوئے 5 افراد لہولہان، ایک تشویشناک

قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو) قصور کے نواحی علاقے بھسرپورہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مسجد گلزار مدینہ کی تین منزلہ عمارت کی چھت کا پردہ اچانک زمین بوس ہو گیا، جس کے ملبے تلے دب کر ہمسایہ گھر کے صحن میں سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اور ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر بلھے شاہ ہسپتال قصور منتقل کر دیا، زخمیوں میں 80 سالہ حنیفاں بی بی، 19 سالہ بلال منظور، 16 سالہ نور فاطمہ، 15 سالہ ماریہ منظور اور 45 سالہ صفیہ منظور شامل ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کے بازوؤں اور ٹانگوں میں شدید فریکچر آئے ہیں جبکہ 19 سالہ نوجوان بلال منظور کی حالت انتہائی تشویشناک ہونے کے باعث اسے فوری طور پر لاہور جنرل ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب اس ناگہانی واقعے کے بعد علاقے میں گہرا رنج و غم پھیل گیا ہے، مقامی شہریوں اور معززین نے انتظامیہ سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعمیراتی نقص کا تعین کیا جا سکے، جبکہ حکومت سے غریب متاثرہ خاندان کی فوری مالی امداد اور علاج معالجے کے اخراجات اٹھانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے