سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/مدثر رتو کی رپورٹ) سیالکوٹ میں پیرا فورس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ بدعنوانیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت طلبی کے خلاف ایک مقامی شہری نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کر دی ہے، جس کے بعد محکمہ کے اندرونی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں موقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ کیا گیا تھا اور رقم فراہم نہ کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے موبائل نمبر کو ایک ہوٹل مالک کا نمبر ظاہر کر کے انکروچمنٹ (تجاوزات) کا جھوٹا چالان کر دیا گیا۔
متاثرہ شہری نے اپنے مؤقف کو سچ ثابت کرنے کے لیے اہم سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر ٹھوس شواہد بھی متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر دیے ہیں، درخواست میں سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ سرکاری طاقت کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے ایک بے گناہ کسٹمر کو ہراساں اور بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس حساس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور ملوث کالی بھیڑوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کڑی سزا دی جائے تاکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ الزامات تحقیقات میں درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف اختیارات کے ناجائز استعمال بلکہ عوامی خدمت کے نام پر بدعنوانی کی ایک سنگین مثال ہوگی، جس پر کسی بھی قسم کی نرمی برتے بغیر سخت اور فوری محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لانا ناگزیر ہے۔
