کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) سانحۂ زِیارت میں دہشت گردی کا نشانہ بن کر جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس کے 7 بہادر اہلکاروں کی نمازِ جنازہ کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں انتہائی احترام اور سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔ اس غمزدہ موقع پر فضا سوگوار رہی اور شہداء کے جسدِ خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔
نمازِ جنازہ میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر بخت کاکڑ، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، سینیٹر منظور کاکڑ، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی، اور اراکینِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ اور عادل خان بازئی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما میر کبیر محمد شہی، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ، اختر حسین لانگو، ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران قریشی سمیت دیگر اعلیٰ سول و ملٹری حکام اور پولیس افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
شہداء کی آخری رسومات اور نمازِ جنازہ میں صوبے بھر کے ممتاز سیاسی و قبائلی عمائدین، شہریوں اور شہداء کے سوگوار لواحقین نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کر کے وطن کے بیٹوں کو الوداع کہا۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔