یوٹیوب کا اے آئی ویڈیوز کے خلاف بڑا قدم، پالیسیاں سخت کر دیں

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ویڈیوز کے حوالے سے اپنی پالیسیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد غیر معیاری اے آئی مواد اور نقصان دہ ویڈیوز کی روک تھام کرنا ہے تاکہ ایسے مواد سے آمدنی کا حصول ناممکن بنایا جا سکے۔

یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بڑی تعداد میں صارفین اے آئی ٹولز کی مدد سے ویڈیوز تیار کر رہے ہیں۔ یوٹیوب انتظامیہ کے مطابق یہ پالیسیاں مکمل طور پر نئی نہیں ہیں، بلکہ پہلے سے موجود قوانین کے الفاظ کو زیادہ واضح اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ صارفین کو کسی اچانک کریک ڈاؤن کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب ایسی اے آئی ویڈیوز پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں ایک ہی مواد کو بار بار دہرایا جاتا ہے یا جو ذہنوں کو منفی انداز میں متاثر کرتی ہیں۔ اگرچہ ایسی چند ویڈیوز پلیٹ فارم پر موجود تو رہیں گی، لیکن انتظامیہ نہ تو ان سے مونیٹائزیشن (آمدنی) کی اجازت دے گی اور نہ ہی انہیں دیگر صارفین کو ریکومینڈ کرے گی۔

یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ وہ کارآمد اے آئی مواد کو اسپام یا اندھا دھند پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز سے الگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اے آئی ٹولز کا استعمال بالکل ٹھیک ہے، لیکن صارفین کو ویڈیوز میں معیار اور تناظر کا خیال رکھتے ہوئے کچھ حقیقی عناصر بھی شامل کرنے ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے