اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر): ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے رات گئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران اور تعمیراتی اداروں کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے عوامی آمد و رفت کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل تحصیل روڈ کے جاری تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور منصوبے کو ماہ جولائی کے اختتام تک مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک عوامی رابطے، تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ نقل و حرکت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس لیے اس کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط اور جدید انفراسٹرکچر کسی بھی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہوتا ہے، جبکہ پائیدار ترقیاتی منصوبے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے جاتے ہیں۔ بعض اوقات دیرپا اور معیاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے عارضی تاخیر ناگزیر ہوتی ہے، تاہم اس کا مقصد وسیع تر عوامی مفاد اور بہتر نتائج کا حصول ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے باہمی رابطے اور نگرانی کے عمل کو مؤثر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کا انتظامیہ کو مکمل ادراک ہے اور عوام کے صبر، تعاون اور اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
محمد اکرام ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع اوکاڑہ میں جاری تمام اہم ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کر کے عوام کو جدید اور پائیدار سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ شہری بہتر سفری نظام اور بنیادی ڈھانچے کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔