ڈی جی پی ڈی ایم اے کا دورہ سیالکوٹ، سیلابی صورتحال اور نکاسیِ آب کا جائزہ

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عمر عباس میلہ نے سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات اور رسپانس میکانزم کا جائزہ لینا تھا۔

اس دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا صفدر بشیر، ایم ڈی واسا فیصل شہزاد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سب سے پہلے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلعی اداروں کی تیاریوں اور ریسپانس میکانزم پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں انہوں نے پیرس روڈ اور شیل چوک پر نالہ بھیڈ کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم واسا اور ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی اور ڈی سلٹنگ مہم کی وجہ سے بارشی پانی کی فوری نکاسی ممکن ہوئی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں، ندی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور ایمرجنسی مشینری کو فعال رکھیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آخر میں انہوں نے ہیڈ مرالہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ دریائے چناب میں اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں اور صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے