یومِ دفاع: کندھ کوٹ، گوجرانوالہ اور اوباڑو میں شہداء کو خراجِ عقیدت، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی

کیو این این ورلڈ (اپنے نمائندگان سے یومِ دفاع پر کندھ کوٹ، گوجرانوالہ اور اوباڑو میں پروقار تقریبات، ریلیاں

کندھ کوٹ سے وقار احمد اعوان کی رپورٹ کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کشمور آغا شیر زمان کی سربراہی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران و اہلکاروں، سرکاری ملازمین، معزز شہریوں، صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر پولیس کی جانب سے پاکستانی پرچم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہداء اور غازیانِ وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنے بہادر شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے متحد رہنے کا درس دیتا ہے۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر آفس کندھ کوٹ سے ریلی بھی نکالی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

گوجرانوالہ سے بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی کی رپورٹ کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان کے سلسلے میں پنجاب آرٹس کونسل گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام رنگا رنگ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سکول کے بچوں نے ملی نغموں اور جنگی ترانوں پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کرکے پاکستان اور افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ بچوں کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کے شرکاء کو متاثر کیا جبکہ قومی نغموں اور جنگی ترانوں پر پیش کیے گئے ٹیبلوز کے ذریعے شہداء اور غازیوں کو عملی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل کمشنر گوجرانوالہ نعمان فاروق اور اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) عامر صاحب تھے۔ تقریب محترمہ عظمیٰ بخاری، وزیرِ اطلاعات و ثقافت پنجاب، اور سید طاہر رضا ہمدانی، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت حکومتِ پنجاب، کی ہدایات پر منعقد کی گئی، جبکہ کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس لاہور محبوب عالم چوہدری کی خصوصی سرپرستی بھی حاصل رہی۔ تقریب کا انعقاد گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے تعاون سے کیا گیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر گوجرانوالہ نعمان فاروق اور اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) عامر صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا دن پاکستان کی تاریخ میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس معرکے میں پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور ملک کا دفاع کرتے ہوئے بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء اور غازی قوم کے قومی ہیروز ہیں اور پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ تقریب میں گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ سکولز کے چیئرمین دانش عقیل، جنرل سیکرٹری عابد انجینئر، میاں نذیر اور دیگر عہدیداران و اراکین بھی شریک ہوئے۔

گھوٹکی سے کیو این این ورلڈ کے نامہ نگار مشتاق علی لغاری کی رپورٹ کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ہیومن رائٹس پروٹیکشن محب وطن آرگنائزیشن پاکستان ضلع گھوٹکی و تحصیل اوباڑو کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی رونتی روڈ سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی مین چوک اوباڑو پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں تنظیم کے عہدیداران، ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں، کارکنان اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور حساس ادارے زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے ملکی دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تنظیم کے صوبائی صدر لالا نبی بخش بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان کا ایک اہم اور تاریخی دن ہے، جو ہمیں وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور قوم ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی سمیت شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے