27 ستمبر کی کال عمران خان یا پی ٹی آئی کے لیے نہیں، ہر پاکستانی کے حقوق کے لیے ہے، سندھ کا سیاسی منظرنامہ بدل چکا، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
نواب شاہ(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو لانگ مارچ کی کال عمران خان یا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے حقوق کے لیے ہے، جبکہ سندھ کو کئی دہائیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیاسی جاگیر قرار دینے کا بیانیہ عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دورہ سندھ کے تیسرے روز نواب شاہ، سانگھڑ، میرپور خاص اور عمرکوٹ میں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اسٹریٹ موومنٹ ریلیوں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کا جوش و جذبہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ صوبے کا سیاسی منظرنامہ تبدیل ہوچکا ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ دہائیوں سے سندھ کو پیپلز پارٹی کی سیاسی جاگیر قرار دینے کا بیانیہ نواب شاہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کے عوام نے مسترد کردیا ہے۔ شدید گرمی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اور جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ میں عمران خان کی حمایت غیر معمولی سطح پر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’سندھ کس کا ہے؟‘‘ عوام نے عمران خان کے حق میں نعرے لگا کر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ ان کے بقول سندھ پر پیپلز پارٹی کی کئی دہائیوں سے قائم سیاسی اجارہ داری کا تاثر آج عوامی طاقت کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ زرداری ماضی بن چکے ہیں اور خاندانی سیاست کا دور ختم ہونے جارہا ہے۔ قیادت عوام کے درمیان سے جنم لیتی ہے، پیراشوٹ سے اترنے والے لوگ حقیقی عوامی لیڈر نہیں بن سکتے۔
محمد سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں کتنی ہی دھاندلی کیوں نہ کی جائے، کوئی بھی طاقت پاکستان تحریک انصاف کو شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام سے آئے ہیں اور عوام ہی میں واپس جائیں گے، ہمارے بیرون ملک فلیٹس یا جزیرے نہیں ہیں۔ ان کے مطابق جن ناموں اور تصاویر سے حکمران خوف زدہ ہیں، وہ پاکستان، عام پاکستانی اور عوام کے حقوق کے ساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کے مستقبل کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جو لوگ ہر مخالف کو دہشت گرد اور ریاست دشمن قرار دیتے ہیں، وہ روز بروز عوام میں اپنی ساکھ کھو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ حکمران عوام کا پیسہ لوٹ کر ایون فیلڈ اور دبئی میں فلیٹس اور بیرون ملک جزیرے خریدتے ہیں، جبکہ پاکستانی عوام کے پیسے سے بیرون ملک جائیدادیں بنانے والوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے لیے 2022 میں اندرونی غداروں کی پشت پناہی سے ’رجیم چینج آپریشن‘ کیا گیا، جس کے بعد ان کے بقول ملکی قرضہ 43 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 97 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس بوجھ کی قیمت محنت کش پاکستانی ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کی کال عمران خان یا پی ٹی آئی کے لیے نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے اپنے حقوق کے لیے ہے۔ اب قوم کو اپنے حقوق کے لیے گھروں سے باہر نکلنا ہوگا اور 27 ستمبر کو سندھ سمیت پورا پاکستان اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہوگا۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ فاشسٹ طاقتوں کا وطیرہ ہے کہ اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والوں پر گولیاں چلائی جاتی ہیں، تاہم گولیاں، جیلیں اور ظلم عوام کے جوش و جنون کو شکست نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو فیصلہ ہوگا کہ پاکستان خاندانی سیاست کے تابع رہے گا یا عوام اپنے حقوق واپس لیں گے