یامی گوتم نے کردار کے لیے قرآن پاک کا مطالعہ کیا، ہدایتکار کا انکشاف

ممبئی (کیو این این ورلڈ) بالی ووڈ فلم ’حق‘ کے ہدایتکار سپرن ورما نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی مرکزی اداکارہ یامی گوتم نے اپنے کردار ’شازیہ بانو‘ کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے قرآن پاک کا باقاعدہ مطالعہ کیا اور اسے گہرائی سے سمجھنے کی کوشش کی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سپرن ورما نے بتایا کہ فلم کی تیاری کے دوران یامی گوتم نے نہایت سنجیدگی سے تحقیق کی اور تقریباً چار ماہ تک قرآن پاک کا مطالعہ جاری رکھا تاکہ اپنے کردار کی نفسیات اور پس منظر کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔ ہدایتکار کے مطابق فلم میں قرآن پاک کے حوالہ جات بھی شامل کیے گئے ہیں اور اسی مناسبت سے فلم کا اختتام لفظ ’’اقراء‘‘ پر کیا گیا ہے، جو علم حاصل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے حوالے سے اکثر معاشرے میں غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں اور معلومات کی کثرت کے باوجود درست اور مستند بات تک پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے کوشش کی کہ فلم ’حق‘ کے ذریعے ناظرین تک زیادہ حقیقی اور متوازن تصویر پیش کی جائے۔

سپرن ورما کے مطابق وہ خود بھی اس موضوع پر سنجیدگی سے تحقیق کرتے رہے اور اپنے مسلمان دوستوں کے ساتھ گفتگو کے ذریعے مختلف سماجی و مذہبی پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی تیاری کے دوران تقریباً ڈیڑھ سال تک اسلامی قوانین، سماجی مسائل اور خواتین کے حقوق سے متعلق پہلوؤں پر کام کیا گیا۔

ہدایتکار نے مزید بتایا کہ فلم میں ’’تین طلاق‘‘ جیسے حساس موضوعات سے جڑی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ مہر کے تصور کو ایک سماجی اور قانونی معاہدے کے طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق کہانی کے ذریعے یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ اگر یہ واقعہ کئی دہائیوں پر محیط ہے تو اس عرصے میں خواتین کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی کس حد تک آئی ہے، کیونکہ آج بھی بہت سی خواتین معاشرتی دباؤ اور ناانصافی کا سامنا کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’حق‘ شازیہ بانو نامی خاتون کی کہانی سے متاثر ہے، جس میں وہ ایک وکیل عباس خان سے محبت کرتی ہے، تاہم دوسری شادی کے بعد پیدا ہونے والے تنازعات اسے انصاف کے لیے عدالت جانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ یہ کہانی جگنا وورا کی کتاب ’بانو: بھارت کی بیٹی‘ سے ماخوذ بتائی جاتی ہے اور حقیقی واقعات سے متاثر ہے۔

فلم میں یامی گوتم کے ساتھ عمران ہاشمی بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ شائقین کو اس فلم سے ایک سنجیدہ اور حقیقت کے قریب موضوع دیکھنے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے