قصور (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف طارق نوید سندھو): تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ بستی ونیکاں میں گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران خاتون کو پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب بچوں کے معمولی لڑائی جھگڑے پر ہمسائے یوسف مسیح نے طیش میں آ کر خاتون گوماں بی بی زوجہ اسلم مسیح پر پٹرول چھڑکا اور انہیں آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد ڈی پی او کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او بی ڈویژن وحید عارف نے فوری طور پر ہسپتال پہنچ کر شدید جھلسی ہوئی خاتون کا باقاعدہ بیان ریکارڈ کیا۔
تھانہ بی ڈویژن پولیس نے متاثرہ خاتون گوماں بی بی کے خاوند اسلم مسیح کی مدعیت میں نامزد ملزم یوسف مسیح کے خلاف اقدامِ قتل کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے انشاءاللہ بہت جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سخت ہدایات کے مطابق خواتین اور بچوں پر تشدد قصور پولیس کی ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمزور طبقات پر ظلم کرنے والے کسی بھی بااثر یا مجرم کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔
