چنی گوٹھ میں جھگڑے کے دوران خاتون کی ہلاکت، وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان)چنی گوٹھ کے نواحی علاقے موضع محمد نائچ میں جھگڑے کے دوران مبینہ تشدد سے 27 سالہ خاتون نبیلہ بی بی جاں بحق ہوگئیں۔ واقعے کے مقدمے میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) میں تعینات پولیس اہلکار محمد وسیم سمیت تین افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقدمے کے مدعی عابد حسین کے مطابق ان کا 14 سے 15 سالہ بیٹا محمد زین والی بال کھیل رہا تھا کہ مبینہ طور پر محمد وسیم نے اسے تھپڑ مارے۔ بچہ روتا ہوا گھر پہنچا تو مدعی اپنے بیٹے کے ہمراہ شکایت کرنے محمد وسیم کے والد منیر احمد کے گھر گیا، جہاں تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کر گیا۔

مدعی نے الزام عائد کیا کہ محمد وسیم نے اس کے بیٹے کو دوبارہ تھپڑ مارا۔ اس پر اعتراض کرنے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان تنازع بڑھ گیا۔ مدعی کے مطابق منیر احمد نے اسے مکا مارا، جبکہ موقع پر پہنچنے والی اس کی سالی نبیلہ بی بی کو محمد وسیم نے بالوں سے پکڑ کر سر کے دائیں جانب ضرب لگائی اور گردن پر مکا مارا۔

درخواست گزار کے مطابق تشدد کے نتیجے میں نبیلہ بی بی کے دائیں کان سے خون بہنے لگا اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔ مدعی نے مزید الزام لگایا کہ محمد شفیق نے اس کے بیٹے کو ٹانگ ماری اور اسے بھی تھپڑ رسید کیے۔

واقعے کے بعد اہلِ خانہ اور گواہان زخمی خاتون کو مقامی ڈاکٹر کے پاس لے گئے، جہاں سے انہیں تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کرنے کا کہا گیا، تاہم نبیلہ بی بی دورانِ منتقلی دم توڑ گئیں۔

واقعے میں ایک نوجوان خاتون کی ہلاکت کے بعد اہلِ خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

پولیس کی تفتیش اور دیگر شواہد کی روشنی میں واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ مقدمے میں نامزد افراد پر عائد الزامات تاحال الزامات ہیں، جن کا فیصلہ قانونی کارروائی اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے