اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف ملک ظفر )ضلع بھر میں ٹریفک حادثات کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور مہلک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر و جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت اوور لوڈنگ کی روک تھام اور ٹریفک سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اور مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول، محکمہ ایکسائز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے اعلیٰ افسران سمیت مقامی شوگر ملز کے مالکان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بالخصوص آنے والے کرشنگ سیزن کے پیشِ نظر گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں میں مقررہ گنجائش سے زائد وزن لادنے کی مکمل روک تھام، شاہراہوں پر محفوظ سفری ماحول کی فراہمی اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے مختلف انتظامی و قانونی اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو سخت ہدایت کی کہ اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مقررہ وزن کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں آگاہی مہم کے تحت کسان یونین کے رہنماؤں اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، تاکہ انہیں اوور لوڈنگ کے نقصانات، ٹریفک سیفٹی اور قانونی تقاضوں سے آگاہ کیا جا سکے۔
رات کے وقت اور دھند یا کم روشنی میں ہونے والے الم ناک حادثات سے بچاؤ کے لیے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ٹریکٹر ٹرالیوں کے عقب میں ریفلیکٹنگ اسٹیکرز (ریفلیکٹرز) کا استعمال لازمی بنایا جائے گا، تاکہ دوسری گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو فاصلے سے ہی ٹریکٹر ٹرالی کی موجودگی کا واضح علم ہو سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "چند روپوں کا منافع کسی بھی طور پر قیمتی انسانی جانوں سے بڑھ کر نہیں ہے، لہٰذا اوور لوڈنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور مقررہ گنجائش سے زائد مال لادنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام اداروں کو باہمی تعاون بڑھا کر شاہراہوں کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی۔