دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع میں پولیس کی اپ گریڈیشن اور انفرااسٹرکچر کے لیے خطیر رقم مختص

پشاور(کیو این این ورلڈ) خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ مخصوص اضلاع سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے انفرااسٹرکچر اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب 86 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے انفرااسٹرکچر منصوبوں کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے الگ الگ ایک ارب 20 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی ہے۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے 9 منصوبوں کے لیے بھی ایک ارب 3 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ یہ رقوم مالی سال 2026-27 کے دوران پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بقایا فنڈز ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مضبوط بنانے اور ان کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا۔

جاری فنڈز کا مقصد پولیس کی تکنیکی استعداد بڑھانے، سکیورٹی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور جاری منصوبوں کی تکمیل میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے