گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے گوجرانوالہ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمشنر آفس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عشرہ محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہداہت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر تمام تر انتظامات وقت سے پہلے مکمل کیے جائیں، کیونکہ متعلقہ محکموں کے مابین بہترین کوآرڈینیشن اور روابط کے ذریعے ہی اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور آر پی او خرم شہزاد حیدر نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے سکیورٹی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں مجموعی طور پر 6 ہزار 858 مجالس اور 1 ہزار 588 جلوسوں کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 353 ذاکرین اور مقررین کی ضلع بندی اور زباں بندی کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ عشرہ محرم میں پولیس کی معاونت کے لیے پاک فوج کی 8 اور رینجرز کی 11 کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ عزاداروں اور شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے دونوں ڈویژنز میں 924 ڈاکٹرز اور 2 ہزار 850 پیرامیڈیکل سٹاف ڈیوٹی کے فرائض انجام دے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ جلوسوں اور مجالس کے تمام مقامات پر صفائی، سیوریج کی بحالی اور سٹریٹ لائٹس کی درستگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انتظامیہ تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔