امریکی اور ایرانی صدور کے اسلام آباد اکارڈ پر دستخط، شہباز شریف بھی بطور ثالث شامل

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکا اور ایران کے درمیان باضابطہ طور پر الیکٹرانک دستخط ہو گئے ہیں اور یہ معاہدہ فوری طور پر نافذ العمل ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا میں بہت اعزاز کے ساتھ یہ اعلان کرتا ہوں کہ آج تاریخی اسلام آباد مفاہمتِ یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان الیکٹرانک طور پر دستخط ہو گئی ہے۔

اس یادداشت پر دونوں ممالک کے معزز صدور نے دستخط کیے ہیں اور میں نے بطور ثالث اس کی توثیق کی ہے۔ دونوں حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطح پر اس معاہدے پر دستخط ہونا امن کی راہ میں سفارتی حل کی طرف دونوں فریقوں کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

اسلام آباد MoU فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ اس کے پہلے قدم کے طور پر، اسلامی جمہوریہ ایران ابھی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا اور ریاستہائے متحدہ امریکہ فوری طور پر بحری ناکہ بندی اٹھا لے گا۔

میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کی سفارتکاری کے لیے پختہ عزم اور پرامن حل کی ترجیح نے ایک بار پھر اس تنازعے کو ختم کرنے میں مدد دی ہے جو خطے اور اس سے آگے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتا تھا۔

میں امریکہ کی مذاکراتی ٹیم، جن میں جے ڈی ونس، سٹیون وِٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہیں، کی لگن اور مسلسل محنت کی تعریف کرتا ہوں۔ ان کی قیمتی خدمات اس کامیابی میں بہت اہم رہیں۔

میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کا تہہ دل سے احترام اور شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کی حکمت، دور اندیشی اور مدبرانہ صلاحیتوں نے امن کی راہ اختیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس کے علاوہ، ایرانی مذاکراتی ٹیم، جن میں محمد باقر قالیباف، عباس عراقچی اور اسکندر مومنی شامل ہیں، کی صبر، استقامت اور تعمیری رویے کو سراہتا ہوں۔ ان کی کاوشیں اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بہت اہم رہیں۔

میں قطر کی قیادت کی مخلصانہ کاوشوں اور تعاون کا بھی خصوصی طور پر اعتراف کرتا ہوں۔

اس کے علاوہ سعودی عرب، ترکی اور مصر کی قیادت کا بھی میں شکرگزار ہوں جنہوں نے اس عمل میں ناگزیر کردار ادا کیا۔

خاص طور پر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کی مسلسل محنت، کوششیں اور کلیدی کردار ہی کی بدولت یہ بریک تھرو ممکن ہوا اور خطے میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔

انہوں نے آخر میں لکھا کہ دعا ہے کہ یہ اسلام آباد مفاہمتِ یادداشت پورے خطے میں باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کی ایک پائیدار بنیاد ثابت ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے