رینالہ خورد میں کمسن بچے کی ناقابلِ شناخت لاش مل گئی، پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش میں مصروف

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) رینالہ خورد کے نواحی علاقے 20 ٹو ایل کے قریب 12 سے 13 سالہ نامعلوم بچے کی ناقابلِ شناخت اور بوسیدہ لاش برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس، فرانزک کرائم سین یونٹ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاش تقریباً ایک ماہ پرانی معلوم ہوتی ہے، جس کے باعث اس کی شناخت فوری طور پر ممکن نہیں ہو سکی۔ پولیس نے موقع سے ضروری شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق بچے کی شناخت اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واقعے کی نوعیت کا تعین پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا، جبکہ اگر قتل کا پہلو سامنے آیا تو اس حوالے سے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے سے لاپتا بچوں کے ریکارڈ سمیت دیگر دستیاب معلومات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ متوفی کی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔ واقعے کے بعد مقامی شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات کو ہر زاویے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور واقعے کے حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے