باڑہ: کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 2 افراد جاں بحق، 2 کی حالت غیر

خیبر (کیو این این ورلڈ/ نورحلیم آفریدی): ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے دورافتادہ علاقے شین کمر، چلگزئی میں کوئلہ کان کے اندر گیس بھر جانے کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 بے ہوش ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کوئلہ کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک کان کے اندر گیس بھر گئی، جس کے باعث 4 افراد متاثر ہوئے۔ گیس کے باعث 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 2 دیگر بے ہوش ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے باڑہ ڈوگرہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں اور بے ہوش افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئلہ کان میں کام کے دوران مبینہ طور پر حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کی گئی تھیں، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور حفاظتی انتظامات سے متعلق صورتحال کا تعین متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔

مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئلہ کانوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور مزدوروں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے کان مالکان اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے