سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو رپورٹ مدثر رتو کی رپورٹ): سیالکوٹ کینٹ میں بجلی کا میٹر دوبارہ لگانے کے عوض مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے رشوت طلب اور وصول کرنے کا معاملہ سامنے آگیا۔ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے گیپکو کے ایل ایس ون اہلکار ذیشان جاوید مسیح عرف شیرو کو مبینہ طور پر رشوت کی رقم سمیت گرفتار کرلیا، جبکہ مقدمہ درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ سیالکوٹ کینٹ میں تعینات گیپکو اہلکار بجلی کا میٹر دوبارہ لگانے کے عوض ایک لاکھ روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔ اطلاع پر ایف آئی اے نے منصوبہ بندی کے تحت ٹریپ ریڈ کیا، جس کے دوران مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے کی رشوت کی رقم برآمد کرکے اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار پر بجلی سے متعلق معاملات میں اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کرنے کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ اہلکار نے اپنے مبینہ قریبی رشتہ داروں کے گھروں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے ہمسایوں کے میٹروں سے تاریں لگوا رکھی تھیں، جس کے باعث دیگر صارفین کو مبینہ طور پر اضافی بجلی کے بوجھ اور ناانصافی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق رشوت وصولی کے الزام میں گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے معاملے کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین شروع کردی ہے۔ ابتدائی انکوائری کے حوالے سے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اہلکار کے بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی رقوم موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تاہم ان رقوم کے ذرائع، قانونی حیثیت اور مبینہ رشوت یا کرپشن سے کسی ممکنہ تعلق کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اس امر کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا مذکورہ اہلکار نے اپنے سرکاری اختیارات استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی بجلی کنکشن فراہم کیے، میٹروں میں مبینہ ردوبدل کیا یا کسی اور غیر قانونی سہولت کاری میں ملوث رہا۔ معاملے کے دیگر شواہد اور ریکارڈ بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے ایف آئی اے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
کیو این این ورلڈ سیالکوٹ: ایف آئی اے کی کارروائی اور مذکورہ معاملے میں ہونے والی مزید پیش رفت سے قارئین کو آگاہ رکھے گا۔
